Time 22 جنوری ، 2021
کھیل

پاکستانی بیٹسمینوں کو جنوبی افریقا کیخلاف مستحکم ہوکر کھیلنا ہوگا، اظہر علی

جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میچ کی تیاری کیلئے پاکستان ٹیم کی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریکٹس جاری ہے۔

بیٹسمین اظہرعلی کا کہنا ہے کہ کورونا کے باعث حالات کھلاڑیوں کے لیے مشکل ہیں  لیکن انہیں بہانہ نہیں بنایا جاسکتا، خوشی کی بات ہے کہ ایک بڑی ٹیسٹ ٹیم پاکستان آئی ہے، پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹیسٹ منگل کو کراچی میں شروع ہوگا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینیئر بیٹسمین اور سابق کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کو اندازہ ہے کہ جنوبی افریقا سے سیریز میں پاکستان کو کیا چیلنجز درپیش آسکتے ہیں، ہوم گراؤنڈ کے ایڈوانٹیج کے باوجود بھی کسی قسم کی خوش فہمی کا شکار نہیں ہوسکتے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی پریکٹس کے بعد میڈیا سے آن لائن گفتگو میں اظہر علی نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کیلئے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنا اچھی بات ہے، ہر ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر ایڈوانٹج ملتا ہے لیکن جنوبی افریقا کی بولنگ لائن مضبوط ہے، فاسٹ بولرز کے ساتھ ساتھ ان کے اسپنرز بھی بہت اچھے ہیں، خاص طور پر کیشیو مہاراج جو ان کنڈیشنز پر اچھی بولگ کرسکتے ہیں اس لیے پاکستانی بیٹسمینوں کو جنوبی افریقا کیخلاف کافی مستحکم ہوکر کھیلنا ہوگا۔

تجربہ کار بیٹسمین نے مزید کہا کہ جنوبی افریقا جیسی ٹاپ ٹیم کا پاکستان آنا کافی مثبت بات ہے، اس سے پاکستان کرکٹ کو فائدہ ہوگا۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستانی بیٹسمینوں نے پچھلی ہوم سیریز میں بھی اچھا پرفارم کیا ہے اور اووے سیریز میں بھی انفرادی اننگز کھلیی ہے، سب کو اندازہ ہے کہ جنوبی افریقا سے سیریز کافی اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر بیٹسمین کی خواہش ہوتی ہے کہ ففٹیز کو سنچری اور سنچری کو ڈبل سنچری میں تبدیل کرے۔

ایک سوال پر ٹاپ آرڈر بیٹسمین نے کہا کہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق بیٹنگ آرڈر تبدیل کرنے میں کوئی حرج نہیں، اگر ٹیم کو ون ڈاؤن پر درکار ہے تو اس پوزیشن پر کھیلیں گے، اوپننگ درکار ہے تو وہاں، خوشی اس بات کی زیادہ ہوتی ہے کہ ٹیم کیلئے اپنا حصہ ڈالیں تاہم ساتھ ساتھ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کی خواہش یہی ہوتی ہے کہ ایک فکسڈ بیٹنگ نمبر ہو۔

مزید خبریں :