23 جنوری ، 2021
حکومت نے رواں سال 9 سرکاری اداروں اور سرکاری زمینوں کی نجکاری کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
نجکاری کمیشن کی دستاویز کے مطابق سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کے بینکنگ کے شعبے میں سب سے پہلے ایس ایم ای بنک کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا گیا ہے،ایس ایم ای بینک کی نجکاری اپریل تک مکمل ہونے کی توقع ہے، فرسٹ ویمن بنک کی نجکاری بھی رواں سال ستمبر اور اکتوبر میں مکمل کردی جائے گی۔
ہاؤس بلڈنگ فنانس کی نجکاری ستمبر ،اکتوبر 2021 میں مکمل کرنے اور جناح کنونشن سینٹر کی نجکاری کے لیے مارکیٹنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے ،اس کی نجکاری رواں سال اگست تک مکمل کرنے کی تاریخ دی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق اسٹیل ملز کی نجکاری کا عمل رواں سال ستمبر میں مکمل ہونے کی توقع ہے ،اسٹیل ملز کی نجکاری میں دو چینی اور ایک روسی کمپنیوں نے دلچسپی ظاہرکی ہے، نجکاری کے لیے بولی جون میں متوقع ہے۔
نجکاری کمیشن کی دستاویز کے مطابق سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کے لیے 6 سرمایہ کار نجکاری میں بولی کے لیے پری کوالیفائی کر چکے ہیں اور نجکاری کے لیے بولی رواں سال مارچ میں مکمل ہونے کی توقع، اس کے علاوہ حویلی بہادر پاور اور بالوکی پاور پلانٹ کی نجکاری مکمل کرنے کی فروری 2022 میں متوقع ہے۔