24 جنوری ، 2021
جنوبی افریقا کیخلاف پہلے ٹیسٹ کی تیاریوں کیلئے پاکستانی کرکٹرز نے اتور کو بھی بھرپور انداز میں ٹریننگ کی جبکہ قومی کرکٹرز نے فیلڈ کے معیار کو بہتر کرنے کیلئے بھی خوب ڈرلز کیں۔
منگل سے کراچی میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کیلئے پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیموں نے اتوار کو بھی پریکٹس سیشن کیا۔
پاکستانی کرکٹرز نے اپنی تیاریوں کو تیز کرتے ہوئے اسپشل ڈرلز بھی کیں۔ سلپس اور کلوز فیلڈنگ پوزیشن پر کیچنگ کی پریکٹس کیلئے طویل سیشن کیا گیا۔
خراب فارم کے شکار یاسر شاہ نے اسپن لیجنڈ ثقلین مشتاق کے ساتھ نیٹس پر وقت گزارا جبکہ شاہین شاہ آفریدی، تابش خان، حسن علی اور حارث رؤف نے نئی گیند سے بولنگ کی پریکٹس بھی کی۔
بیٹسمین اظہر علی نے نئے گیند کے سامنے کی پریکٹس کی۔ بابر اعظم اور فواد عالم نے بھی نیٹس پر طویل وقت گزارا جبکہ وکٹ کیپرز سرفراز احمد اور محمد رضوان نے ایک دوسرے کو ایجز پر کیچ کرنے کی ڈرلز کرائی۔
جنوبی افریقی ٹیم بھی پہلے ٹیسٹ کی بھرپور تیاری کرتی نظر آئی۔ نیٹس پر مہمان کرکٹر نے خوب رفتار سے بولنگ کی اور یہ عندیہ دیا کہ وہ پاکستانی کرکٹرز پر قابو پانے کیلئے پیس بیٹری کا سہارا لے سکتے ہیں۔