26 جنوری ، 2021
ممبر پاکستان کسٹمز طارق ہدیٰ نے کہا ہے کہ کسٹمز رواں سال دو کھرب روپے ریونیو کا ہدف حاصل کرلے گا جبکہ اس سال انسداد اسمگلنگ مہم کے ذریعے محکمہ کسٹم ملک کو 6ارب ڈالر کے نقصان سے بچانے میں کامیاب رہا ہے ، اور اس سال دو کروڑ موبائل فونز پاکستان خود بنائے گا۔
کسٹمز کے عالمی دن کے موقع پر کسٹم ہاؤس کراچی میں خصوصی تقریب ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر کسٹمز طارق ہدیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق اس سال کسٹمز نے اسمگلنگ کے خلاف مؤثر حکمت عملی اختیار کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک کی کارروائیوں میں کسٹمز نے 2 ارب ڈالر کے موبائل فونز کی اسمگلنگ روکی ہے، ڈیڑھ ارب ڈالر افغان ٹرانزٹ اور 2 ارب ڈالر کی پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ بھی روکنے میں کامیاب ہوئے ہیں، مجموعی طور پر ملک کو 6 ارب ڈالر کے نقصان سے بچایا ہے۔
ممبر کسٹمز نے کہا کہ موبائل فونز کی اسمگلنگ کو روکنے سے پاکستان کی اپنی موبائل فون کی انڈسٹری تیزی سے فروغ پا رہی ہے اور اس سال دو کروڑ موبائل فونز پاکستان خود بنائے گا اور جلد موبائل فونز ایکسپورٹ کرنے والے ممالک میں شامل ہوجائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ گاڑیوں کی اسمگلنگ روکنے سے ملک میں گاڑیوں کی صنعت بہتر ہورہی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ روکنے کےلیے تین مرحلوں پر مبنی حکمت عملی وضع کی گئی ہے۔
اسمگل شدہ پیٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے والے 1600مراکز سیل کیے جاچکے ہیں جبکہ رواں سال ایسے ڈھائی ہزار سیل پوائنٹس بند کرنے کا ہدف ہے۔کامیاب انسداد اسمگلنگ مہم کی وجہ سے مقامی ریفائنریوں کی پیداوار میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ ٹائر ٹیوب اور الیکٹرانکس کی صنعتوں میں سرمایہ کاری آرہی ہے۔
تقریب میں اینٹی اسمگلنگ مہم کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو اعزازات سے نوازا گیا۔