27 جنوری ، 2021
ملائیشیا میں طیارے کی ضبطگی کےمعاملے پر پی آئی اے اور لیزنگ کمپنی کے ساتھ معاملات طے پاگئے۔
قومی ائیرلائن کے ترجمان کے مطابق پی آئی اے اور لیزنگ کمپنی کی باہمی رضامندی سے ملائیشیا کی عدالت میں کیس خارج ہوگیا جس کے بعد طیارہ پی آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ترجمان نےبتایا کہ پی آئی اے جہاز کو مسافر پرواز کے طورپر آپریٹ کرکے واپس لے کرآئے گی اور طیارہ واپس لانے کے لیے عملے کو پاکستان سے روانہ کیا جارہا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ طیارے کی واپسی آئندہ دو روز میں متوقع ہیں۔
واضح رہےکہ 15 جنوری کو پی آئی اے کے بوئنگ 777 طیارے کو ملائیشیا کے کوالالمپور ائیرپورٹ پر قبضے میں لیا گیا تھا۔
ملائشین سول ایوی ایشن حکام نے بتایا تھا کہ لیز کے واجبات ادا نہ کرنے کی وجہ سے عدالتی حکم پر پی آئی اے کے طیارے کو روکا گیا ہے۔
ملائیشیا میں روکے گئے بوئنگ 777 طیارے پر تعینات پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے فضائی عملے کو وطن واپسی کی اجازت دے دی گئی تھی۔