11 فروری ، 2012
کراچی … امریکا میں قید عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی میں پرامن ریلی کے شرکاء پر تشدد کھلی دہشت گردی ہے، عافیہ کی رہائی کے لئے دوبارہ امریکی قونصلیٹ کا گھیراوٴ کیا جائے گا۔ لاہور پریس کلب میں پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ کراچی میں پولیس اور انتظامیہ نے بربریت کی انتہا کر دی، پرامن ریلی پر تشدد کر کے امریکا نوازی کا ثبوت دیا۔ ان کا کہنا تھاکہ عافیہ کی رہائی تک پاکستان کی سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتیں احتجاج جاری رکھیں گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت ان کی بہن کی رہائی کیلئے امریکا پر دباوٴ ڈالے۔