06 فروری ، 2021
اسلام آباد: حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ فضل الرحمان اور مریم نواز کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اپوزیشن کے لانگ مارچ کے طریقہ کار اور دورانیے پر گفتگو ہوئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں طے پایا کہ لانگ مارچ سے متعلق تمام تجاویز کا اسٹیرنگ کمیٹی میں جائزہ لیکر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں لانگ مارچ اسلام آباد پہنچنے پر پہلا پڑاؤ فیض آباد پر ڈالنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں سینیٹ الیکشن میں مشترکہ امیدواروں کی کامیابی یقینی بنانے کی حکمت عملی پر بھی گفتگو ہوئی۔
اس کے علاوہ ملاقات میں تحریک عدم اعتماد پہلے پنجاب سے لائی جائے یا بلوچستان سے، اس حوالے سے پیپلز پارٹی کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے 26 مارچ کو اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے جس میں ملک بھر سے اپوزیشن جماعتوں کے قافلے پہنچیں گے۔