12 فروری ، 2021
لاہور: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم چھانگا مانگا اور نوٹوں کی سیاست کرتی رہی جب کہ پی ٹی آئی نے اسی سیاست کو آگے بڑھایا یہ دونوں ایک ہی ہیں۔
منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ حکومت کو ایک ہزار دن ہو گئے مگر کسی ایک شعبے کا بھی مسئلہ حل نہیں ہوا، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں نے ہی یوٹرن لیے ہیںم ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے نہیں نظام ٹھیک کرنے سے مسئلہ حل ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات شفاف ہونے چاہئیں، روپے کے بنڈل دینے اور لینے والے، ویڈیو ریکارڈ اور ریلیز کرنے والے پی ٹی آئی کے اپنے لوگ ہیں جب کہ اسپیکر صاحب کے گھر لین دین ہوا، سوال یہ ہے کہ جو منتخب ہوئے ان کا کیا اسٹیٹس ہے۔