13 فروری ، 2021
پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے الیکشن کمیشن آف پاکستان پر حکمران جماعت تحریک انصاف کیلئے سہولت کاری کا الزام عائد کردیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شازیہ مری کا کہنا تھاکہ نیئر بخاری نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر وقت بڑھانے کا کہا لیکن الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ کاغذات نامزدگی کا وقت نہیں بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اچانک الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی فائل کرنے کا وقت 15 فروری کردیا، الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی نے وقت بڑھانے پر مجبور کیا اور الیکشن کمیشن پی ٹی آئی حکومت کی سہولت کار بن گئی ہے۔
شازیہ مری کا کہنا تھاکہ جو تاریخ الیکشن کمیشن نے دی پی ٹی آئی اس پر پورا نہیں اتر سکی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت مظاہرین پر ڈنڈے برسا رہی ہے، جائز مطالبات پر مظاہرے کیے جا رہے ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت میں ملک میں مظاہرے شدت اختیار کر گئے۔