16 فروری ، 2021
وزیراعظم عمران خان کے مشیربرائےاحتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ ڈیلی میل کے صحافی ڈیوڈ روز نے براڈ شیٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کاوے موسوی سے ملاقات ضرور کرائی لیکن اس بات کا علم نہیں کہ اس نے اپنا حصہ بھی مانگا تھا۔
گزشتہ روزکاوے موسوی نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر سے ان کی پہلی میٹنگ ڈیلی میل کے صحافی ڈیوڈ روز نے کرائی تھی۔
کاوے موسوی نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پاکستان سے رقم کے حصول میں مدد کیلئے ڈیوڈ روز نے ڈھائی لاکھ پاؤنڈ کمیشن طلب کیا تھا۔
اس حوالے سے جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ ڈیلی میل کے صحافی ڈیوڈ روز نے کاوے موسوی سے ملاقات ضرور کرائی لیکن اس بات کا علم نہیں کہ اس نے اپنا حصہ بھی مانگا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیوڈ روز سے دوستی کا تعلق ہے، اس کے علاوہ کچھ نہیں۔
خیال رہے کہ اس حوالے سے ڈیلی میل کے رپورٹر ڈیوڈ روز نے کہا تھاکہ یہ ملاقات کاوے موسوی کی درخواست پر کرائی اور یہ کہ کاوے موسوی نے انھیں رقم کی پیشکش ضرور کی تھی لیکن انھوں نے لینے سے انکار کردیا تھا۔