17 فروری ، 2021
پاکستان سپر لیگ میں کمنٹری کے لیے نامور ملکی اور غیر ملکی کمنٹیٹرز کو پینل میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے لیے نامور ملکی اور غیر ملکی کمنٹیٹرز کو پینل میں شامل کیا ہے تاکہ کرکٹ فینز ٹی وی پر براہ راست میچز سے بھرپور لطف اندوز ہو سکیں۔
پی سی بی کے کمنٹری پینل میں رمیز راجا، بازید خان، سائمن ڈول ڈومینک کارک، ایلن ولکنز، ڈینی موریسن، جے پی ڈومینی، پومی امیبنگوا، ثنامیر اور عروج ممتاز شامل ہیں۔
پی ایس ایل سے شہرت حاصل کرنے والی زینب عباس پریزنٹر ہوں گی جب کہ اردو کمنٹری اس سال بھی ہوگی۔
گزشتہ ایڈیشن میں اردو کمنٹری کو متعارف کرایا گیا تھا جب کہ اس بار طارق سعید اردو میں کمنٹری کریں گے۔
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز 20 فروری سے کراچی میں ہو رہا ہے اور دوسرا مرحلہ 10 مارچ سے لاہور میں شروع ہوگا۔