26 فروری ، 2021
امریکا کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں پیشرفت کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس جین ساکی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے لیے مثبت پیشرفت ہے۔
جین ساکی کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں وسیع تر امن اور استحکام ہم سب کے مفاد میں ہے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کا مزید کہنا تھا کہ ہم دونوں ملکوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ اس پیشرفت کو مزید آگے بڑھائیں۔
خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ تناؤ دو سال قبل پلوامہ واقعے کے بعد پیدا ہوا، بھارت نے 26 فروری 2019 کو پلوامہ واقعے کی آڑ میں بالاکوٹ پر حملہ کیا جبکہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جواب 27 فروری کو دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے دو طیارے مار گرائے تھے اور بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن کو حراست میں لے لیا تھا۔
گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا تھا جسے عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔