01 مارچ ، 2021
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ صدارتی ریفرنس کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ زبردست ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ لوگوں کو پتہ چلا ہے کہ سینیٹ میں کیا ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے تمام فریقین کو سنا اور اٹارنی جنرل نے عدالت میں شاندار دلائل دیے اور آج کا فیصلہ پاکستان کی جیت ہے۔
فیصل جاوید نے کہا عمران خان انتخابات میں شفافیت اور کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں جب کہ اپوزیشن کرپشن چاہتی ہے، عمران خان تو سیاست میں آئے ہی کرپشن کے خاتمے کے لیے تھے اور آج کا فیصلہ ان کی جیت ہے کیونکہ عمران خان نے نا تو کوئی سرے محل بنانے ہیں اور نہ ہی فیکٹریاں لگانی ہیں۔
پی ٹی آئی سینیٹر کا کہنا تھا کہ کام تو پارلیمنٹ کو کرنا ہوتا ہے لیکن یہ فیصلہ شفافیت کے لیے زبردست فیصلہ ہے۔