Time 02 مارچ ، 2021
پاکستان

علی حیدر گیلانی کی مبینہ ویڈیو، پی ٹی آئی الیکشن کمیشن پہنچ گئی

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتانے کی مبینہ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ریفرنس دائر کرنے کیلئے الیکشن کمیشن پہنچ گئی۔

پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) کے انتخابات میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اسلام آباد سے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتانے کی مبینہ ویڈیو منظرعام پر آئی ہے۔

ویڈیو میں علی حیدر گیلانی مبینہ طور پر ایک رکن کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں جبکہ یہ واضح بھی نہیں کہ ویڈیو میں موجود افراد کون ہیں۔

اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد تحریک انصاف الیکشن کمیشن آف پاکستان پہنچ گئی تاہم الیکشن کمیشن میں دفتری اوقات ختم ہونے کے باعث بند تھا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن آئے ہیں لیکن یہاں اس وقت کوئی موجود نہیں، صبح ریفرنس دائر کریں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ علی حیدر گیلانی نے ویڈیو کو تسلیم کیا ہے، اس اقبال جرم کے بعد یوسف رضا گیلانی کو الیکشن لڑنے سے نااہل قرار دیا جائے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ یوسف رضا گیلانی کا الیکشن کوئی الیکشن نہیں کیونکہ حفیظ شیخ ان سے ووٹوں میں بھی آگے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ ملک میں کہرام مچا ہے اور الیکشن کمیشن میں فوری معاملات دیکھنے کیلئے کوئی نہیں، ہمارے پاس نہ کوئی نام ہے اور نہ ہی وڈیو سے پتہ چل رہاہے کہ کون ہے۔

خیال رہے کہ علی حیدر گیلانی کا اپنی ووٹ ضائع کرنے سے متعلق ویڈیو پر موقف سامنے آیا ہے جس کے مطابق  ہم سے تحریک انصاف کے کچھ ارکان اسمبلی نے رابطہ کیا تھا ، جن کا کہنا تھا کہ وہ حفیظ شیخ کے بجائے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں۔

مزید خبریں :