ووٹ ضائع کرنے سے متعلق ویڈیو پر علی حیدرگیلانی کا موقف سامنے آگیا

سابق وزیراعظم اور سینیٹ انتخابات میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اسلام آباد سے امیدواریوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کا اپنی ووٹ ضائع کرنے سے متعلق ویڈیو پر موقف سامنے آگیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ منظر عام پر آئی ویڈیو میری ہے، اس میں ممبران اسمبلی سے سینیٹ الیکشن پر بات ہورہی تھی۔

علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں میری گفتگو سب کے سامنے ہے جب کہ عمران خان نے جس طرح ووٹ خریدا وہ بھی سب کے سامنے ہے، انہوں نے ارکان قومی اسمبلی کو 50 ،50 کروڑ روپےفنڈز دیےکیا یہ ووٹ خریدنا نہیں؟ الیکشن کمیشن کو اس پر نوٹس لینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ساری زندگی ضمیرکا ووٹ مانگا ہے ،ہم نے کبھی ووٹوں کی خرید و فروخت میں حصہ نہیں ڈالا،تمام ممبران اسمبلی سے ووٹ مانگنا ہمارا حق ہے۔

ویڈیو کے حوالے سے علی حیدر گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ ہم سے تحریک انصاف کے کچھ ارکان اسمبلی نے رابطہ کیا تھا ، جن کا کہنا تھا کہ وہ حفیظ شیخ کے بجائے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر علی حیدر گیلانی کی ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتانے کی ویڈیو منظرعام پر آئی ہے۔

ویڈیو میں علی حیدر گیلانی مبینہ طور پر ایک رکن کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں جبکہ یہ واضح بھی نہیں کہ ویڈیو میں موجود افراد کون ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتاتے ہوئے کہا گیا کہ نمبرز یاد رکھنا ہے۔

مزید خبریں :