12 فروری ، 2012
کراچی . . . . . وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ بابر خان غوری کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس کے چند افسران جرائم پیشہ افراد کی مدد کر رہے ہیں، یہ بات انہوں نے کے پی ٹی کیماڑی سے منوڑا کے لئے فیری سروس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ بنگلہ دیش سے بنوائی گئی یہ فیریزکیماڑی سے منوڑا لوگوں کو مفت سفر کی سہولت فراہم کریں گی۔ ایک فیری کا نام فضاء الطاف اور دوسری کا نام ارفع کریم رکھا گیا۔ تقریب میں بنگلہ دیشن کے قونصل جنرل اور ارفع کریم کے والدین نے بھی شرکت کی۔ فیری کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیری سروس سے کراچی کے شہریوں کو بھرپور سہولت میسر آئے گی اور کے پی ٹی مزید فلاحی اور عوامی پروگرام شروع کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں سندھ پولیس کے چند افسران جرائم پیشہ افراد کی مدد کر رہے ہیں اور ایس پی، ڈی ایس پی، ایس ایچ او کے تبادلہ اور تعیناتیاں جرائم پیشہ افراد کی پسند سے ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ایٹمی قوت پاکستان میں اسٹریٹ کرائم اور موبائل چھیننے کی وارداتیں قابو میں نہیں آ پارہیں۔