Time 09 مارچ ، 2021
پاکستان

جس کمپنی کو ہم نے بلیک لسٹ کیا اسے پشاور بی آرٹی کا ٹھیکا دے دیا گیا، شہباز شریف

احتساب عدالت لاہور میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ جس کمپنی کو ہم نے بلیک لسٹ کیا اس کو پشاور بی آرٹی بس کا ٹھیکا  دےدیا گیا۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کے خلاف آشیانہ ریفرنس پر سماعت کی۔ 

جیل حکام نے شہباز شریف اور احد چیمہ کو عدالت کے روبرو پیش کیا، دوران سماعت شہباز شریف کے دو شریک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر وکلا نے جزوی دلائل مکمل کیے۔ 

شہباز شریف نے روسٹرم پر آ کر کہا کہ وہ بے قصور ہیں، جھوٹا کیس سنتا ہوں تو رہا نہیں جاتا، جھوٹے کیس سے عدالت کا وقت ضائع کیا جا رہا ہے،کرپشن کرنے والوں کو خود اینٹی کرپشن کے حوالے کیا، ڈکیتی کرنے والوں کے خلاف کارروائی بھی کی، کرپشن ختم کرنے کے لیے دن رات کام کیا، قوم کو فخر ہونا چاہیے بعض اوقات کرپشن روکنے میں کامیابی ملتی ہے اور بعض دفعہ ناکامی بھی ہوتی ہے۔

دوران سماعت کمرہ عدالت میں رش ہونے پر فاضل جج نے ناراضی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیےکورونا کی وجہ سے حالات بہت برے ہیں،خدانخواستہ کچھ بھی ہو سکتا ہے، عدالت نے تمام غیر متعلقہ افراد کو کمرہ عدالت سے باہر نکالنے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے کیس کی سماعت 17 مارچ تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :