Time 10 مارچ ، 2021
پاکستان

کینسر کے مریضوں کی ادویات بند ہونے پر پنجاب اسمبلی میں احتجاج

فائل فوٹو

لاہور: پنجاب اسمبلی کے ایوان میں کینسر کے مریضوں کی ادویات بند ہونے اور مہنگائی کی گونج سنائی دیتی رہی۔

 پنجاب اسمبلی نے دی بہاولپور میٹرو پولیٹن یونیورسٹی، دی سپیریئر کالج لاہور ترمیمی بل اور دی یونیورسٹی آف چناب بل 2021ء متفقہ طورپر منظور کر لیے۔ 

اسمبلی اجلاس میں پیپلز پارٹی کے رکن حسن مرتضی نے کینسر کے مریضوں کی ادویات بند ہونے پر احتجاج کیا اور  اپنے حلقے میں ٹوٹی سڑکوں کی وجہ سے ٹول ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

 اس موقع پراسپیکر پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ  وہ خود ادویات کے معاملے کے حل کے لیے سرگرم ہیں، محکمہ صحت پنجاب سے بات ہو چکی ہے انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ چند روز میں ادویات کا مسئلہ حل کر دیں گے۔

 وزیر قانون راجہ بشارت نے پی ڈی ایم سی کی تنخواہوں میں اضافہ اور مراعات نہ دینے پر سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دائیں بائیں بیٹھے دوستوں سے گلہ کریں کہ اپنے دور میں تنخواہوں سمیت دیگر مطالبات پر عمل درآمد کیوں نہ کیا گیا۔

ایجنڈا مکمل ہونے پر اسپیکر پرویز الٰہی نے اجلاس غیر معینہ مدت کےلیے ملتوی کر دیا۔ 

مزید خبریں :