Time 14 مارچ ، 2021
پاکستان

پائلٹس کے لائسنس کی بحالی کیلئے 3 رکنی نظرثانی بورڈ قائم

لاہور ہائیکورٹ نے پائلٹس کے منسوخ لائسنس سے متعلق جائزہ لینے کا حکم دیا تھا— فوٹو:فائل 

پائلٹس کے لائسنس منسوخی معاملے پر اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ 

وزرات ہوابازی نے پائلٹس کے لائسنس کی بحالی کیلئے  3 رکنی نظرثانی بورڈقائم کیا ہے جس کی سربراہی جوائنٹ سیکرٹری ایوی ایشن حسن نقوی کریں گے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر ایوی ایشن کیپٹن ضیاء خان، پاک فضائیہ کے ونگ کمانڈر تیمور حسین بھی نظرثانی بورڈ میں شامل ہیں۔ 

نظرثانی بورڈ پائلٹس لائسنس سے متعلق جائزہ لیکر سفارشات وزارت ہوابازی کوبھیجے گا۔

خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے پائلٹس کے منسوخ لائسنس سے متعلق جائزہ لینے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال جعلی یا مشکوک لائسنس کے الزام کے تحت حکومت نے پاکستان ائیرلائنز (پی آئی اے) کے 141 پائلٹس سمیت 262 پائلٹس کی لسٹ جاری کی تھی۔

مشکوک لائسنس والے پاکستانی پائلٹس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد 30 جون 2020 کو یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کی یورپین ممالک کیلئے فضائی آپریشن کے اجازت نامے کو 6 ماہ کیلئے معطل کیا تھا۔

اس کے بعد برطانیہ اور امریکا نے بھی پی آئی اے کی پروازوں کی آمد پرپابندی عائد کردی تھی۔

اس کے علاوہ ویت نام کی ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی مشتبہ لائسنس کی اطلاعات کے بعد تمام پاکستانی پائلٹس گراؤنڈ کردیے تھے۔

بعد ازاں 16 جولائی 2020 کو ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن نے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان کے کسی پائلٹ کے پاس بھی جعلی لائسنس نہیں اور پاکستانی ایوی ایشن اتھارٹی نے پائلٹس کو خود لائسنس جاری کیے ہیں۔

مزید خبریں :