22 مارچ ، 2021
براڈ شیٹ تحقیقاتی کمیشن سابق صدر آصف زرداری کے سوئس مقدمات کا معاملہ سامنے لے آیا۔
براڈشیٹ انکوائری کمیشن نے براڈشیٹ اسکینڈل پر تحقیقات مکمل کرکے وزیراعظم آفس کو ارسال کردی۔ براڈ شیٹ کمیشن آصف زرداری کے سوئس مقدمات کا معاملہ سامنے لے آیا اور قومی احتساب بیورو (نیب) سے سربمہر ریکارڈ کھولنے کی سفارش کردی ہے۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ نیب ریکارڈ کو ڈی سیل کرکے جائزہ لے کہ اِس کا کیا کرنا ہے۔
رپورٹ میں کہاگیاہےکہ سوئس مقدمات کا ریکارڈ 12 ڈپلومیٹک بیگز میں پاکستان پہنچایا گیا تھاجو نیب کے اسٹور روم میں موجود ہے۔
رپورٹ میں ڈپلومیٹک بیگز کی تصاویر اور انڈیکس کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ جسٹس (ر) عظمت سعید پر مشتمل براڈ شیٹ کیس کی تحقیقات کیلئے 29 جنوری کو قائم کردہ کمیشن نے تحقیقات کا باضابطہ آغاز 9 فروری 2021 کو کیا تھا جبکہ اپوزیشن نے جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید کی سربراہی میں بننے والے کمیشن کو ماننے سے انکار کر دیا تھا۔