22 مارچ ، 2021
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ کا کہنا ہےکہ مریم نواز کو بھیجا گیا قومی احتساب بیورو (نیب) کا نوٹس واپس نہیں لیا گیا تو 26 مارچ کو بھرپور احتجاج کریں گے۔
لاہورمیں حمزہ شہباز کی زیر صدارت ن لیگ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ نیب جاتے ہوئے حمزہ شہباز سمیت تمام لیگی رہنما مریم نواز کے ساتھ موجود ہوں گے، اگریہ کوئی رکاوٹیں کھڑی نہ کریں تو وہ ذمہ داری لیتے ہیں کہ پُر امن طورپر اکٹھے ہوں گے۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو حکومت کی ایماء پر طلب کیا گیا ہے، ان کی گرفتاری کی صورت میں موقع پر لائحہ عمل بنائیں گے، نوٹس غیرقانونی ہے، واپس لیا جائے ورنہ بھرپور احتجاج کریں گے،اگر وہ غیر آئینی اور غیر قانونی نوٹس میں گرفتارکریں گے تویہ غیر قانونی گرفتاری ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی کشتی میں جوسوراخ ہوا تھا وہ مولانا فضل الرحمان نے بھردیا ہے، پیپلزپارٹی خود کو پی ڈی ایم کا حصہ قرار دے رہی ہے تو ہم مائنس پیپلزپارٹی کیوں کہیں، پی ڈی ایم کی 9 جماعتیں استعفے دے کر حکومت کو گھر بھیجنے پر متفق ہیں ،پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں رابطے جاری ہیں۔