13 فروری ، 2012
اسلام آباد…وزیر اعظم کے خلاف توہین عدالت کیس میں فردجرم عائد کردی گئی ہے۔ وزیر اعظم کو روسٹرم میں کھڑا کر کے دو صفحات پر مشتمل فرد جرم پڑھ کر سنائی گئی۔ این آر او فیصلے کے پیرا گراف 178پر عمل نہ کرنے پر فرد جرم عائد کی گئی۔ وزیراعظم گیلانی پاکستان کے پہلے چیف ایگزیکٹیو ہیں جن پر فرد جرم عائد کی گئی۔ سات رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس ناصر الملک نے فرد جرم پڑھ کر سنائی جس پر تمام ججز نے باری باری دستخط کئے ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے خلاف فرد جرم کی تحریر پڑھی اور اعتزاز احسن انہیں سمجھاتے رہے۔ عدالت نے وزیر اعظم سے استفسار کیا کہ ”کیا آپ نے خود پر فرد جرم سمجھ کر پڑھ لی“، وزیر اعظم نے جواب دیا کہ ”جی ہاں فرد جرم پڑھ لی ہے“۔ عدالت نے اس کے بعد اٹارنی جنرل کو وزیر اعظم کے ٹرائل کا استغاثہ بننے کا کہہ دیا۔ وزیر اعظم نے صحت جرم سے انکار کر دیا ہے۔