13 فروری ، 2012
اسلام آباد … وزیر اعظم کے خلاف فرد جرم عائد کئے جانے کے بعد توہین عدالت کی کارروائی22 فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے اور وزیراعظم کو آئندہ حاضری سے استثنا دے دیا گیا ہے۔ آج ہونے والی کارروائی میں عدالت نے این آر او سے متعلق فیصلے کے پیرا گراف نمبر178پر عمل نہ کرنے پر ان کے خلاف فرد جرم عائد کی اور روسٹرم پر کھڑے ہو کر وزیراعظم کو فرد جرم سنائی۔ فرد جرم کی دستاویز 2 صفحات پر مشتمل ہے جس میں کہا گیا کہ وزیراعظم سوئس حکام اور دیگر ممالک کوخط نہ لکھنے پرتوہین عدالت کے مرتکب ہوئے۔ وزیراعظم نے اپنے خلاف فرد جرم کی تحریر پڑھی، اعتزاز انھیں سمجھاتے رہے۔ وزیراعظم کے وکیل اعتزاز احسن نے عدالت سے 24فروری تک وقت مانگا، انہوں نے عدالت کو بتایا ہے کہ وہ لندن جارہے ہیں اور 21فروری کو واپس آئیں گے اور 24فروری تک جواب داخل کردیں گے۔ تاہم عدالت نے اٹارنی جنرل کو استغاثہ مقرر کرتے ہوئے حکم دیا کہ استغاثہ کی شہادتیں 22فروری کو ریکارڈ کی جائیں۔