10 اپریل ، 2021
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سیالکوٹ نے ڈسکہ الیکشن سے متعلق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فردوس عاشق اعوان کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
جیونیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہےکہ انہوں نے پریس کانفرنس میں حلقے کے لیے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔
اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے (ق) لیگ کے رہنما چوہدری سلیم باریار کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ سلیم باریار نے 9 اپریل کو حلقے کا دورہ کیا اور 50 کروڑکے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔
فردوس عاشق اعوان اور سلیم باریارکو 2 دن کے اندر جواب داخل کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔