11 اپریل ، 2021
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں جیتنے والی مسلم لیگ (ن) کی امیدوار نوشین افتخار نے شکست کھا جانے والے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی کی جانب سے مبارکباد پر اظہار تشکر کیا ہے۔
نوشین افتخار نے آر او دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ڈسکہ کو ایک بار پھر مبارکباد دیتی ہوں، میں نے سرکاری نتیجہ وصول کرلیا ہے اور میں عوام کی خدمت کیلئے پُرعزم ہوں۔
انہوں نے کہا کہ علی اسجد ملہی کو پیغام ہے، اقتدار کی لالچ میں جانیں قربان نہیں کرنی چاہیے، میری یہی خواہش تھی الیکشن اسی طرح پرامن ہوتا۔
نوشین افتخار کا کہنا تھاکہ ’ملہی صاحب بہت شکریہ، آپ نے مجھے مبارکباد دی، میں بھی مٹھائی لے کر آپ کے گھر آؤں گی‘۔