13 فروری ، 2012
اسلام آباد… حکمران اتحاد نے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ کل بھی ان کے ساتھ تھے ،آج بھی ساتھ کھڑے ہیں، سیاسی اور جمہوری عمل کے تسلسل کے لئے مل کر کام کریں گے۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو سپریم کورٹ کی جانب سے سوئس کیسز کھولنے کے لئے خط لکھنے سے انکار کرنے پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد کرنے بعد وزیراعظم ہاوٴس میں اتحادیوں کا اہم مشاورتی اجلاس وزیراعظم گیلانی کی زیرصدارت ہوا جس میں جمہوری عمل کی بقاء اور مضبوطی کے لئے کام کرنے پراتفاق کیاگیا۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں چودھری شجاعت، اسفند یار،فاروق ستار اور منیر اورکزئی شریک ہوئے جبکہ رحمان ملک ،خورشید شاہ،نوید قمر،غلام احمد بلور،پرویز اشرف اور گورنر پنجاب بھی موجودتھے۔