پاکستان
Time 18 اپریل ، 2021

مسجدِ رحمت اللعالمینﷺ کے باہر دھرنا فی الفور ختم کیا جائے، سعد رضوی کا پیغام

پولیس کی حراست میں موجود کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد حسین رضوی نے اپنی جماعت کی شوریٰ کے ارکان کے نام پیغام دیا ہے۔

سادہ کاغذ پر ہاتھ سے تحریر پیغام پر 17 اپریل کی تاریخ درج ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مسجدِ رحمت اللعالمینﷺ کے باہردھرنا فی الفورختم کیا جائے اور کارکنان پرامن طور پرگھروں کو واپس لوٹ جائیں۔

— فوٹو: جیو نیوز

پیغام میں سعد رضوی کا کہنا ہے کہ شوریٰ ممبران اپنے آپ کو قانون کے حوالے کریں اور 20 اپریل کی احتجاجی کال کو واپس لیا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ شوریٰ ممبران کی ضد کی وجہ سے سیکڑوں کارکن اورعوام 6 دن سے خوار ہورہے ہیں۔

سعد رضوی نے مزید کہا کہ ظہیرالحسن شاہ میری ہدایات پر فوری عمل کروائیں۔

خیال رہے کہ لاہور میں پولیس اور رینجرز نے یتیم خانہ چوک پرکئی روز سے قابض مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آپریشن کیا ہے۔

آپریشن کے دوران یتیم خانہ چوک کی جانب جانے والے تمام راستے بند کردیے گئے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔

تصادم کے دوران جانی نقصان کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔

مزید خبریں :