Time 21 اپریل ، 2021
پاکستان

جیو نیوز کی خبر پرکراچی میں درختوں سے امر بیل ہٹانےکا کام شروع

کراچی میں درختوں پر امر بیل سے متعلق جیو نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے  بیل ہٹانے کا کام شروع کردیا گیا ۔

جیو نیوز کی خبر پر کراچی میں امربیل کے خاتمے کے لیے کے ایم سی حرکت میں آئی اور اس نے اپنی حدود میں آنے والے درختوں سے بیل کی صفائی کا کام شروع کردیا ۔

 امربیل کو ہٹانے کا کام انتہائی پیچیدہ ہے،اور جس طرح سے امربیل کی صفائی کی جارہی ہے اس سے امربیل کے دوبارہ پھیلنے کا امکان برقرار رہےگا۔ 

کارساز پر 12 سے زائد درختوں سے امربیل کو ہٹایا گیا، یہ زیادہ تر کونوکارپس کے درختوں پر پائی گئی، یہ پیراسائیٹ پودا ہے جو اپنی غذا کے لیے میزبان پودے کو ختم کردیتا ہے۔

 اس بیل کا چھوٹا سا بھی حصہ اگر رہ جائے تو نہ اسے مٹی کی ضرورت ہے اور نہ پانی کی بلکہ اسے میزبان پودے کی ضرورت ہوتی ہے جس سے لپٹ کر یہ پھر سے پھیل جاتی ہے اور اس وقت سڑک پر جابجا اس کے ٹکڑے بکھرے نظر آرہے ہیں۔

جیو نیوز کی ٹیم نے صدر، پرانی سبزی منڈی اور یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس کے اطراف امر بیل کی نشاندہی کی تھی لیکن یہ دیگر علاقوں میں کئی درختوں کو نشانہ بناچکی ہے۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وہ اس مسئلے سے واقف نہیں تھے ، جیو نیوز کی خبر کے بعد اس سنگین ماحولیاتی مسئلے سے آگاہی ہوئی ، اہم ماحولیاتی معاملے پر حکومت مکمل ساتھ دے گی ۔

 ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے متعلقہ اداروں کو اس سنگین ماحولیاتی مسئلے کے تدارک کے لیے فوری سرگرم ہونا ہوگا۔

مزید خبریں :