Time 02 مئی ، 2021
پاکستان

فردوس عاشق کے خاتون اسسٹنٹ کمشنر کو ڈانٹنے پر مریم کا ردعمل سامنے آگیا

اپنی ناکامی اوربدترین کارکردگی کا غصہ سرکاری افسران پر نکالنا فرعونیت ہے، مریم نواز— فوٹو:فائل 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کی جانب سے سیالکوٹ کی اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) سونیا صدف کو ڈانٹنے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ اپنی ناکامی اوربدترین کارکردگی کا غصہ سرکاری افسران پر نکالنا فرعونیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں ميں غير معياری، مہنگی اشياء حکومتی نالائقی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھاکہ سرکاری افسران آپ کے ذاتی ملازم نہیں، سيالکوٹ کے رمضان بازار ميں خاتون اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کے ساتھ ہونے والا سلوک قابل مذمت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سول سرونٹس اور بیوروکریٹس مقابلے کے امتحان پاس کرکے اس مقام تک پہنچتے ہیں، سیلیکٹ ہوکر نہیں آتے۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ وزیر ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کو افسران کی تذلیل کا لائسنس مل گیا۔ مریم نواز نے مطالبہ کیا کہ یہ رعونت قابل قبول نہیں لہٰذا سونیا صدف سے معافی مانگیں۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) سیالکوٹ سونیا صدف کو بازار میں سب کے سامنے ڈانٹ پلائی۔

اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

مزید خبریں :