02 مئی ، 2021
چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کا بھی وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کی جانب سے سیالکوٹ کی اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) سونیا صدف کو ڈانٹنے پر ردعمل سامنے آگیا۔
ایک بیان میں چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کے رمضان بازارمیں انتظامی افسرسے غیرمہذب برتاؤکی مذمت کرتےہیں، اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف اور دیگر انتظامی افسران کورونا وباکے باوجود فرنٹ لائن پر موجود ہیں۔
جواد رفیق ملک کا کہنا ہے کہ کسی بھی سرکاری افسریاعملےسے غیر اخلاقی زبان استعمال کرنا قابل مذمت ہے،پنجاب بھرمیں انتظامی افسران عوام کی سہولت کے لیے فیلڈمیں ہیں جوقابل ستائش ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا ہےکہ کسی کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ سرکاری افسران کی تذلیل کرے، افسوس ناک واقعےسے متعلق تحفظات وزیراعلیٰ پنجاب تک پہنچا دیے ہیں۔
خیال رہے کہ فردوس عاشق اعوان کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنرسیالکوٹ سونیا صدف کو بازار میں سب کے سامنے ڈانٹنے کی ویڈیو سامنے آئی ہے جو کہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔