13 فروری ، 2012
لندن…ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کاکہنا ہے کہ انہیں وزیراعظم پر فردجرم عائد کیے جانے پر دلی افسوس ہے،ان کا کہنا تھا کہ حکومت صبرواستقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے عدالتی کارروائی کا احترام کرے،لندن سے جاری ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ آج جو کچھ ہوا اُنہیں اس پر افسوس ہے ،ریاست کے تمام ادارے ایک دوسرے کا احترام کریں اور تصادم سے ہر صورت گریز کیا جائے ،ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پر فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد حکومت ایسے کسی بھی عمل سے پرہیز کرے جوجذباتی ردعمل کی عکاسی کرتا ہو،کیونکہ ملک اس وقت اداروں کے درمیان کسی بھی قسم کے تصادم اور محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔