استنبول میں پھنسے پاکستانیوں کا معاملہ، ترک حکام نے ایک دن کی چھوٹ دے دی

ائیرپورٹ پر پی سی آرٹیسٹ کے منفی آنے پر مسافروں کوترکی میں داخلے کی اجازت ہوگی، ترجمان دفترخارجہ— فوٹو:فائل

ترکی کی جانب سے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے مسافروں پر14دن کی قرنطینہ کی پابندی کے معاملے پر دفترخارجہ کا ردعمل سامنے آگیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انقرہ میں پاکستانی سفارتخانہ ترک حکام سے رابطے میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ متعدد پاکستانی استنبول میں پھنس گئے تھے جبکہ ان پاکستانی مسافروں نے قواعد و ضوابط کےاعلان سے قبل اپنا سفر شروع کیا تھا۔

ترجمان کے مطابق سفارتخانے کی درخواست پر ترک حکام نے ایک دن کی چھوٹ یکم جون 2021 کیلئے منظورکرلی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ پر پی سی آرٹیسٹ کے منفی آنے پر مسافروں کوترکی میں داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ انقرہ میں پاکستانی سفارتخانہ اوراستنبول میں قونصل جنرل پاکستانیوں سےرابطے میں ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ قونصلیٹ جنرل کی ایک ٹیم بھی پاکستانی شہریوں کی ضروری مدد کیلئے استنبول ہوائی اڈے پر موجود ہے۔

خیال رہے کہ ترکی نے پاکستان، بھارت، برطانیہ اور ایران سمیت 14 ممالک کے شہریوں پر 72 گھنٹے قبل کی منفی کورونا ٹیسٹ رپورٹ اور 14 دن کیلئے قرنطینہ لازمی قرار دیا ہے۔

مزید خبریں :