11 جون ، 2021
پشاور زلمی میں شامل پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بیٹسمین شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نے لاہور قلندرز کیخلاف آخری لمحات میں کچھ زیادہ رنز دے دیے جب کہ راشد خان نے شاندار بولنگ کرکے پشاور زلمی کی کمر توڑ دی۔
لاہور قلندرز کے ہاتھوں میچ میں 10 رنز کی شکست کے بعد پشاور زلمی کے سینئر کرکٹر شعیب ملک نے کہا کہ ان کی ٹیم نے ڈیتھ اوورز میں زیادہ رنز دیے اور ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، ان کی ٹیم نے سوچا نہیں تھا کہ لاہور اتنے زیادہ رنز بنالے گا لیکن اصل فرق راشد خان کی بولنگ کا رہا کیوں کہ اس نے پشاور زلمی کے تمام اہم بیٹسمین آؤٹ کئے اور ٹیم کی کمر توڑ دی۔
شعیب ملک نے کہا کہ شروع میں اچھی بولنگ کی لیکن بعد میں ٹیم کو ایک رسٹ اسپنر کی کمی محسوس ہوئی۔
انہوں نے لاہور قلندرز کے بین ڈنک اور ٹم ڈیوڈ کو بھی کریڈٹ دیا اور کہا کہ دونوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور ٹیم کا اسٹرائیک ریٹ بھی اچھا کرتے ہوئے ایک بڑے اسکور تک پہنچایا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا کمبی نیشن ایسا ہوگیا تھا کہ ان کو اوپر کے نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنا پڑا اور وہ ہمیشہ ہی ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلتے ہیں اور جب تک کرکٹ کھیلیں گے اس ہی عادت کو اپنائیں گے۔
شعیب ملک نے مزید کہا کہ پوائنٹس ٹیبل پر تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے قریب ہیں، ہر میچ اہم ہے، کوشش یہ کرنا ہوگی کہ اپنی بہترین سے بہترین کرکٹ کھیلیں اور جس پلان کے ساتھ میدان میں اتریں اس پر کامیابی کے ساتھ عمل کو بھی یقینی بنائیں۔
واضح رہےکہ افغانستان سے تعلق رکھنے والے راشد خان نے میچ میں 20 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔