13 جون ، 2021
لاہور قلندرز میں شامل آسٹریلوی کرکٹر بین ڈنک کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز اس وقت بہت اچھا کھیل رہی ہے گزشتہ سیزن میں بھی ٹرافی اٹھانے کے قریب تھے اس مرتبہ مزید آگے جائیں گے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بین ڈنک کا کہنا تھا کہ ابوظبی میں لاہور قلندرز نےاب تک کھیلے جانے والے اپنے دونوں میچز میں کامیابی حاصل کی ہے اس وقت لاہور پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پر موجود ہے، ٹاپ ٹو کو مکمل کرکے فائنل کھیلنا ہے اور اصل ہدف ٹرافی اٹھانا ہے۔
دوران گفتگو بین ڈنک بھی ٹاپ کلاس اسپنر راشد خان کے معترف نکلے، ان کا کہنا تھا کہ راشد خان ٹاپ کلاس بولر ہیں وہ کئی ٹیموں کے ساتھ کھیل چکے ہیں، ان کی کارکردگی میں تسلسل پایا جاتا ہے ان کا ٹیم میں ہونا مفید ہوتا ہے ہم خوش قسمت ہیں کہ راشد خان ہمارے ساتھ کھیل رہے ہیں۔
بین ڈنک کا کہنا ہے کہ ہر کھلاڑی اپنا حصہ ڈال رہا ہے میری بھی کوشش ہے کہ میں اپنا حصہ ڈالوں ،پی ایس ایل سخت ٹورنامنٹ ہے، ہر ٹیم اچھے کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
بین ڈنک ابوظبی میں میچز کے آغاز سے قبل وکٹ کیپنگ پریکٹس کے دوران انجرڈ ہو گئے تھے ان کے ہونٹ پر6 ٹانکے لگے لیکن بین ڈنک نے پہلے دونوں میچز میں کھیلے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے ساتھ وابستگی ہو چکی ہے، اس ٹیم کے ساتھ میرا دوسرا سیزن ہے زیادہ تر وہی کھلاڑی ہیں جن کے ساتھ کھیل چکا ہوں ۔
بین ڈنک کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ برس پی ایس ایل کھیلنے کے بعد لمبا قرنطینہ کرنا پڑا اس مرتبہ پھر کھیل رہا ہوں، لاہور قلندرز میں ہم ایک دوسرے کے قریب ہو چکے ہیں، محنت کر رہے تاکہ ٹرافی اٹھائیں۔