14 جون ، 2021
احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کو 29 جون کو طلب کرلیا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے جعلی بینک اکاؤنٹس کے 8 ارب روپے کی مبینہ مشکوک ٹرانزیکشن سے متعلق نیب ریفرنس کی سماعت کی۔
عدالت نے آصف زرداری کو سمن جاری کرتے ہوئے پانچویں نیب ریفرنس میں ان کے مبینہ فرنٹ مین مشتاق احمد سمیت تمام ملزمان کو طلب کر لیا ۔
احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے عدالتی عملے کو ہدایت کی کہ ملزمان کو پیشی کے سمن بھجوادیں۔
نیب ریفرنس کے مطابق کلفٹن کراچی میں موجود آصف زرداری کا گھر کرپشن کے پیسوں سے بنانے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ کلفٹن کراچی گھر کی خریداری کے لیے آصف زرداری کے اسٹینوگرافر مشتاق احمد نے اپنے اکاؤنٹ سے 15 کروڑ روپے ادا کیے۔ آصف علی زرداری کلفٹن کراچی کے گھر کی خود خریداری کا کوئی ثبوت نہیں دے سکے، آصف زرداری کو حاضری پر ریفرنس کی کاپی فراہم کی جائے گی جس کے بعد فرد جرم کی تاریخ مقرر ہوگی۔