شہبازشریف اور عثمان بزدار ادوار میں اخراجات کے اعدادوشمار کا موازنہ جاری

وزیراعلیٰ آفس پنجاب نے شہبازشریف دور حکومت کے مالی سال 18-2017 اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دور حکومت کے مالی سال 21-2020 کے اعداد و شمار کا موازنہ جاری کر دیا۔

مالی سال 18-2017 میں وزیراعلیٰ آفس کے مجموعی اخراجات 23 کروڑ 86 لاکھ روپے تھے جبکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دور میں مالی سال 21-2020 میں وزیراعلیٰ آفس کے مجموعی اخراجات 14 کروڑ 41 لاکھ روپے رہے۔

اعدادوشمارمیں بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف دور میں2017-18 میں گاڑیوں کی مرمت پر 4 کروڑ 24 لاکھ روپے کے اخراجات ہوئے جو موجودہ دور میں کم ہو کر ایک کروڑ 50 لاکھ روپے رہ گئے۔

شہبازشریف دور میں گاڑیوں کے ایندھن کی مد میں 3 لاکھ 72 ہزار لیٹرتیل استعمال ہوا جبکہ عثمان بزدار دور میں یہ ایندھن کم ہو کر2 لاکھ 25 ہزار لیٹر رہ گیا۔

شہبازشریف دور میں انٹرٹینمنٹ اور تحائف کی مد میں 8 کروڑ 99 لاکھ 91 ہزار روپے خرچ کیے گئے، عثمان بزدار دور میں 4 کروڑ 40 لاکھ روپےکے اخراجات اس مد میں آئے۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھاکہ قومی وسائل کی پائی پائی کے امین ہیں، نہ صرف سیکیورٹی کے نام پر ذاتی رہائش گاہوں کی تعمیر و مرمت کا سلسلہ ختم کر دیا بلکہ وزیراعلیٰ آفس سمیت پنجاب بھر میں شوبازوں کی شاہ خرچیوں کا کلچربھی ختم کردیا۔

مزید خبریں :