’رواں مالی سال کے 11 ماہ میں بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 3 ارب 92 کروڑ ڈالر رہا‘

فائل فوٹو

کراچی: رواں مالی سال کے 11 مہینوں میں بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 3 ارب 92 کروڑ ڈالر رہا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق مئی میں بیرونی سرمایہ کاروں نے ملکی نجی شعبے میں براہ راست 19 کروڑ 83 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جب کہ اسٹاک مارکیٹ سے 48 لاکھ ڈالر اور ملکی سرکاری شعبے سے 52 لاکھ ڈالر نکالے گئے  یوں مئی میں بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 18 کروڑ 83 لاکھ ڈالر رہا۔

مرکزی بینک کا کہنا ہےکہ مئی کے اعداد شامل کرلینے کے بعد رواں مالی سال کے 11 مہینوں میں ملکی نجی شعبے میں براہ راست سرمایہ کاری گزشتہ سال کے مقابلے 28 فیصد کم ہوکر ایک ارب 75 کروڑ ڈالر رہی، بیرونی سرمایہ کاروں نے 11 مہینوں میں اسٹاک مارکیٹ سے 28 کروڑ ڈالر نکالے، یوں 11 مہینوں میں ملکی نجی شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب 46 کروڑ ڈالر رہا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال حکومت نے عالمی سطح پر سکوک اور یورو بانڈ فروخت کیے جس میں مالی سال کے 11 ماہ میں 2 ارب 45 کروڑ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔

مزید خبریں :