23 جون ، 2021
رواں سال 15 مارچ کو کراچی کےعلاقےاورنگی ٹاؤن میں رینجرز اہلکاروں پر ہونے والے دھماکےکی اندرونی کہانی جیونیوز نےحاصل کر لی ہے۔
حکام کے مطابق دھماکا کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے مطلوب ملزم کبیر نے کیا۔
تحقیقات کے مطابق کبیر نے یہ دھماکا سیکیورٹی اداروں سے مبینہ طور پر بدلہ لینے کے لیےکیاکیونکہ کبیر کا ایک کزن، جو خود بھی کالعدم تنظیم کا حصہ تھا، پنجاب میں سیکیورٹی اداروں سے مبینہ مقابلے میں مارا جاچکا ہے۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق ملزم کبیر کا بنیادی تعلق سوات سے جبکہ کراچی میں وہ میٹرو ول سائٹ کا رہائشی ہے۔
کالعدم تحریک طالبان کا مطلوب ملزم کبیر افغانستان بھی جاچکا ہے، کبیر نے مبینہ طور پر یہ دھماکا سیکیورٹی اداروں سے بدلہ لینے کےلیےکیا کیونکہ کبیر کا ایک کزن پنجاب میں سیکیورٹی اداروں سے مبینہ مقابلے میں مارا جاچکا ہے جو خود بھی کالعدم تنظیم کا حصہ تھا۔
مبینہ طور پر اپنے کزن کا بدلہ لینے کےلیے کبیر نے رینجرز اہلکاروں کو ٹارگٹ کرنے کا منصوبہ بنایا، کبیر اس واردات میں خود بھی دھماکا کرتے ہوئے زخمی ہوا تھا تاہم لفٹ لے کر فرار ہوگیا تھا۔
جس موٹرسائیکل پر لفٹ لے کر وہ فرار ہوا وہیں سے کیس کی اصل تحقیقات کا آغاز ہوا۔ کبیر کی موٹرسائیکل پر بیٹھ کر فرار ہونے کی سی سی ٹی وی وڈیو سے تحقیقات میں مدد ملی۔
حکام کے مطابق حساس ادارے، رینجرز اور سی ٹی ڈی کبیر اور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کوشاں ہیں۔
حکام کے مطابق اس پہلو کی بھی تفتیش کی جارہی ہے کہ اس دھماکے کے بعد ابتدائی طور پر اس کی ذمےداری کسی اور تنظیم نے کیوں قبول کی۔