پاکستان

سرکاری خزانے سے تنخواہ لینے والے ہرفردکے اثاثے ظاہرکیےجائیں، مریم اورنگزیب

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مطالبہ کیا ہے کہ انکم ٹیکس قانون میں ترمیم کرکے سرکاری خزانے سے تنخواہ لینے والے ہر فرد کے اثاثے ظاہرکیے جائیں۔

ایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا اختیار قومی احتساب بیورو (نیب) کو دینا عمران صاحب کی غنڈہ گردی ہے، غنڈہ گردی اور نیب گردی کرکے ٹیکس ریونیو میں اضافہ نہیں ہوتا،نیب نیازی گٹھ جوڑ کی ناکامی کے بعد یہ نیا ہتھکنڈا اختیار کیا گیا۔

 مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عوامی عہدیداروں کے اثاثہ جات تو پہلے ہی ظاہر ہوتے ہیں، ایف بی آر کے پاس تمام ریکارڈ اور تفصیلات موجود ہیں،ایف بی آر سے  یہ اختیار نیب کو دینے کے پیچھے کیا ایجنڈا ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس قانون میں ترمیم کی جائے اور سرکاری خزانے سے تنخواہ لینے والے ہرفردکے اثاثے ظاہرکیے جائیں، 3 سال میں نیب نیازی گٹھ جوڑکی غنڈہ گردی نے ملک اورمعیشت کو تباہ کیا،ایف بی آر افسران کا ٹیکس دہندگان کو گرفتارکرنے کا اختیار مکمل ختم کیا جائے،یہ فسطائی اقدامات عمران صاحب کے فسطائی اور بیمار ذہن کی عکاسی ہیں۔

مزید خبریں :