27 جون ، 2021
کراچی کے علاقے کلفٹن کے نجی بینک میں ٹوٹے ہوئے 7 لاکرز کے مالکان کے نمبرز کی فہرست پولیس کو مل گئی۔
کلفٹن میں نجی بینک میں ٹوٹے ہوئے پائے گئے مزید 7 لاکرز کے نمبر اور مالکان کی فہرست انویسٹی گیشن پولیس کو مل گئی ہے جس کے بعد پولیس ان کے بیانات ریکارڈ کرنے اور ہونے والے نقصانات کے سلسلے میں رابطہ کر رہی ہے۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ محمد عمران مرزا کے مطابق ٹوٹے پائے گئے 7 لاکرز کی فہرست بینک انتظامیہ نے فراہم کی جس کے مطابق لاکر نمبر 158 کے مالک چوہدری حارث، 194 کی مالک فرزانہ داؤد، 196 کے مالک ارشد علی، 197 کی مالک تانیہ، لاکر نمبر 226 کی مالک ذکیہ بیگم، لاکر نمبر 242 کے مالک حامد سموں اور لاکر نمبر 374 کے مالک آزاد اقبال کے شناختی کارڈ پر درج یا فراہم کیے گئے گھروں کے پتوں پر اطلاع بجھوائی جارہی ہے۔
پولیس کے مطابق ان لاکرز کے مالکان سے تفصیلات لی جائیں گی کہ ان کے لاکرز میں کیا کیا قیمتی سامان موجود تھا اور ان بیانات کی بنیاد پر پولیس تفتیش کو مزید آگے بڑھائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کلفٹن میں واقع فیصل بینک کا لاکر توڑ کر 250 تولے سونا چوری ہونے کے کیس کی تفتیش کے دوران بینک کے مزید 7 لاکرز ٹوٹے ہونے کا انکشاف ہوا تھا جن میں سے کروڑوں روپے مالیت کی غیرملکی کرنسی، سونا اور زیورات چوری ہوئے ہیں۔