Time 03 جولائی ، 2021
پاکستان

سول ایوی ایشن اتھارٹی کا پاکستانی مسافروں کیلئے پریشانی کا سبب بننے والی ائیرلائنز کو نوٹس

ائیر لائنز پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے جلد از جلد پرواز اور رہائش کی سہولت کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر کارروائی کا حق رکھتے ہیں، سی اے اے —فوٹو فائل
ائیر لائنز پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے جلد از جلد پرواز اور رہائش کی سہولت کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر کارروائی کا حق رکھتے ہیں، سی اے اے —فوٹو فائل

کراچی: پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) نے حالیہ ہفتوں میں پروازوں کی منسوخی کے ذریعے مسافروں کے لیے تکلیف کا باعث بننے پر غیر ملکی ائیرلائنز بشمول قطر ائیر ویز، ترکش ائیر لائن، امارات ائیر لائن ، اتحاد ائیر ویز اور فلائی دبئی کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق متاثرہ پاکستانی مسافروں کو رہائش کھانے اور مالی نقصان کی صورت میں تکلیف اور ذہنی تناؤ کا شدید سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی نے غیر ملکی ائیر لائنز کو 8 جولائی تک مسافروں کے تمام مسائل حل کرنے کی مہلت دی ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں غیر ملکی ائیر لائنز کو سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مسافروں کو ٹکٹوں کی رقوم کی واپسی اور ہونے والے نقصانات کے ازالے کو معاوضے کی صورت میں یقینی بنایا جائے۔

سی اے اے کا کہنا ہے کہ ائیر لائنز پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے جلد از جلد پرواز اور  رہائش کی سہولت کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر سول ایوی ایشن اتھارٹی ان ائیر لائنز کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا حق رکھتی ہے۔

مزید خبریں :