Time 03 جولائی ، 2021
پاکستان

بزدار کو تحفے میں ملنے والی گاڑیوں پر کیوں شامل تفتیش نہیں کیا گيا؟ عظمیٰ بخاری

پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار  کا  بزدار خاندان اربوں روپے کا مالک ہے، ان کے اثاثہ جات فرنٹ مینوں کے نام پر ہیں جبکہ اس پر چیئرمین نیب آنکھیں کھولیں اور ایکشن لیں۔

لاہور کے ماڈل ٹاؤن میں پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مسلم لیگ ن تحفظ ممبر استحقاق بل کی تمام متنازع شقوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتی ہے ، ملک احمد خان خود سامنے آکر وضاحت دیں گے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عثمان بزدار نے 2015 سے 2017 تک زیرو ٹیکس دیا، اب ان کے پاس اربوں روپے کے اثاثے ہیں جو فرنٹ مینوں کے نام پر ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ بھارت نے پی کے، عمران خان نے جے کے اور عثمان بزدار نے ٹی کے متعارف کروائے، یہ تمام مل کر پاکستان کو ٹیکے لگا رہے ہیں، چیئرمین نیب بیدار ہوں اور ان کے خلاف ایکشن لیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھاکہ وزيراعلیٰ پنجاب کو تحفے میں ملنے والی گاڑیوں پر کیوں شامل تفتیش نہیں کیا گيا؟ ندیم بابر، سمیع اللہ، جہانگیر ترین اور ہاشم جواں بخت کے خلاف تحقیقات کاکیا بنا؟ عمران خان خود ہی تحقیقات کرواتے اور کلین چٹ دے دیتے ہیں۔

مزید خبریں :