03 جولائی ، 2021
کراچی کی سینٹرل جیل میں 24 گھنٹوں کے دوران دو قیدی ہلاک ہوگئے۔
جیل ذرائع کے مطابق صبح 5 بجے ملزم نعیم احمد کی اچانک طبیعت خراب ہوئی جسے فوری طبی امداد کیلئے سول اسپتال کی ایمرجنسی منتقل کیا گیا جہاں صبح ساڑھے آٹھ بجے دوران طبی امداد ملزم دم توڑ گیا۔
جیل ذرائع نے بتایا کہ ملزم نعیم احمد کی عمر 64 سال تھی اور اسے کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے گرفتار کیا تھا جبکہ ملزم کو سی ٹی ڈی نے دہشتگردی اور دیگر سنگین الزامات میں گرفتار کیا تھا۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز جیل اسپتال میں ملزم ظفر خان بھی ہلاک ہوا تھا جسے ایف آئی اے نے گرفتار کیا تھا۔
جیل ذرائع کے مطابق ملزم پر بھارتی خفیہ ایجنسی را کیلئے کام کرنے کا الزام تھا، ہلاک ملزم کو بھارتی خفیہ ایجنسی سے وابستگی پر گرفتار کیاگیا تھا۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں قیدیوں کی موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آئے گی۔