04 جولائی ، 2021
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہےکہ بھارت، افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرتا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ بھارت دہشت گردوں کو اسلحہ دیتا ہے، مالی مدد دیتا ہے اور تربیت بھی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت، افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرتا ہے، جوہر ٹاؤن واقعے نے ہمارے خدشات درست ثابت کردیے اور اس حوالے سے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
شاہ محمود نے سوال کیا کہ کیا ٹیرر فنانسنگ پر ایف اے ٹی ایف کی ذمے داری نہیں بنتی کہ بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے؟ پہلے بھی ہم نے بھارت کو بے نقاب کیا تھا، اب بھی کررہے ہیں۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھاکہ بھارت توجہ ہٹانے کیلئے کبھی پلواما کا ڈراما رچاتا ہے کبھی سرحدوں پر کشیدگی بڑھاتا ہے ، ہمیں اپنے دفاع کا پورا پورا حق ہے اور ہم نے ٹیرر فنانسنگ کےخلاف دیوار کھڑی کرنی ہے۔