04 جولائی ، 2021
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ جوہر ٹاؤن دھماکے کے تانے بانے بھارت کے پاکستان مخالف نیٹ ورک سے ملے ہیں، ثبوتوں کا پتہ لگانے میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی مستعدی قابلِ تعریف ہے۔
ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جوہر ٹاؤن لاہور میں گھناؤنے دہشت گردحملےکی منصوبہ بندی اور استعمال ہونےوالے سرمائےکی کڑیاں پاکستان کے خلاف بھارتی پشت پناہی سے ہونے والی دہشت گردی سےملتی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اس بدمعاشی کے خلاف بین الاقوامی ادارے حرکت میں لائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے شعبہ انسدادِ دہشتگردی نےجس محنت اور رفتار سے شواہد اکٹھےکیے ہیں وہ قابل تحسین ہےاور تمام عسکری و سول انٹیلی جنس اداروں کے درمیان بہترین کوآرڈینیشن بھی قابل تحسین ہے،اس کو آرڈینیشن نےدہشت گردوں اور ان کےعالمی روابط کی نشاندہی کی راہ ہموار کی۔