11 اکتوبر ، 2012
ممبئی…بھارتی فلم انڈسٹری میں لیجنڈ کی حیثیت رکھنے والے اداکار،پروڈیوسر،پلے بیک سنگر اورمیزبان امیتابھ بچن11اکتوبر کو اپنی70ویں سالگرہ منائیں گے۔امیتابھ ہری ونش بچن11اکتوبر1942کو بھارتی ریاست اُتر پردیش کے شہر الہ آباد میں پیدا ہوئے۔1969میں فلم سات ہندوستانی سے اپنے بالی ووڈ کیرئیر کا آغاز کرنے والے امیتابھ کو 1973میں فلم زنجیر کے ذریعے بالی ووڈ میں پہلی کامیابی ملی اور انہیں بالی ووڈ کے اینگری ینگ مین کا خطاب دیا گیا۔بالی ووڈ کی لاتعداد فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے امیتابھ ناصرف فلم پروڈیوسر اور پلے بیک سنگر کی حیثیت سے سامنے آئے بلکہ چھوٹی اسکرین پر مقبول کوئز شو کون بنے گا کروڑ پتی کی میزبانی سے بھی بیحد نام کمایا۔چار نیشنل فلم ایوارڈزاور13فلم فےئر ایوارڈزحاصل کرنے والے امیتابھ سب سے زیادہ ایوارڈزکے لیے منتخب ہونے کا اعزاز رکھتے ہیں ۔اپنی اداکاری پر مختلف ایوارڈز حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ امیتابھ کو بھارتی فلم انڈسٹری میں ان کی کامیابیوں پر کئی اعزازات سے نوازا جاچکا ہے جبکہ وہ فلم فےئر کا لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ جیتنے والے بھی پہلے اداکار ہیں۔1999میں برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے آن لائن پول میں امیتابھ کو کئی ہالی ووڈ اداکاروں کے مقابلے میںGreatest Star of Stage or Screen of the Millenniumقرار دیا گیا۔امیتابھ سال2000میں سپر اسٹار آف دی ملینیم کا ایوارڈ ،بھارتی حکومت کی جانب سے1984میں پدما شری ایوارڈ اور2001میں پدما بھوشن ایوارڈ بھی وصول کرچکے ہیں۔جون 2000میں لندن کے مادام تساؤ میوزیم میں ایشیا سے پہلے اداکار امیتابھ کا مومی مجسمہ نصب کیا گیا۔2001میں امیتابھ کو مصر میں ہونے والےAlexandriaانٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ایکٹر آف دی سنچری کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 2007میں امیتابھ کو فرانسیسی حکومت کی جانب سے ان کے سب سے بڑے سویلین اعزازKnight of the Legionدیا گیا۔لاتعداد ایوارڈ حاصل کرنے والے امیتابھ بچن کو دنیا بھر کے کئی مشہور و معروف تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں کی جانب سے بھارتی فلم انڈسٹری میں ان کی بے پناہ خدمات پر اعزازی ڈگریوں اور سندوں کا حقدار ٹھہرایا گیا جبکہ ان پر اب تک درجنوں کتابیں بھی شائع کی جاچکی ہیں۔