14 فروری ، 2012
اسلام آباد…ملک بھر میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔پشاور میں جن افراد نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد اور احمد ندیم، پاکستان مسلم لیگ ن کے اقبال ظفر جھگڑا، آصف کریم اور نثار محمد خان، اور پاکستان مسلم لیگ ق کے سید قاسم شاہ شامل ہیں۔ پہلے دن اٹھارہ امیدواروں نے اپنے کا غذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔ بلوچستان سے بی این پی عوامی کے سربراہ سمیت مختلف پارٹی رہنماوں سمیت مختلف امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ کوئٹہ میں صوبائی الیکشن کمشنر کے پاس جن امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، اُن میں بی این پی عوامی کے صدر سینیٹر میر اسراراللہ زہری،ان کی پارٹی کی کارکن نسیمہ احسان، نیشنل پارٹی کے سیکریٹری جنرل میر طاہر بزنجو، پیپلز پارٹی کے رہنماء جادید احمد، سردار فتح محمد حسنی ،یوسف بلوچ ، روزی خان کاکڑ، پروین اخترمینگل اور حنا گلزار جبکہ جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمن کی جانب سے حافظ حمداللہ، مفتی عبدالستار،حاجی منظور احمد،کامران مرتضے، ولی کاکڑ، ایمند داس اورسبینہ روٴف، مسلم لیگ ن کی جانب سے محمد اکبر عسکانی، نواب شاہ، کشور احمد اور آغا فیصل شامل تھے لورالائی سے تعلق رکھنے والے سابق نگران صوبائی وزیرسردار حیدرناصرشامل اور اقلیتی رہنماء رمیش کمار اور ڈاکٹر اشوک نے بھی آزاد امیدواروں کی حیثیت سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔سندھ میں سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے پیپلزپارٹی کے امیدوارمیاں رضاربانی،ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ،ڈاکٹرکریم خواجہ،عاجز دھامرہ، سعیدغنی،سحرکامران،ڈاکٹرشاہدہ رحمانی اور ہری رام وزیراعلی سندھ سیدقائم علی شاہ کے ہمراہ کراچی میں صوبائی الیکشن کمیشن کے دفترپہنچے۔اس موقع پرپیپلزپارٹی کے صوبائی وزراء،ارکان اسمبلی اورکارکن بھی بہت بڑی تعدادمیں موجود تھے۔ صوبائی الیکشن کمشنر سوہنوخان بلوچ نے بتایا کہ سندھ سے12 نشستوں پر 28 کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاچکے ہیں۔ اسلام آباد سے نشست کیلئے انورسیف اللہ کے صاحب زادے عثمان سیف اللہ نے پیپلزپارٹی کی طرف سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، سینیٹ کی فاٹا سینشستوں کیلئے ہلال رحمن اور ڈاکٹراورنگزیب نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے، یہ امر بھی دلچسپ ہے کہ فاٹا سے رکن قومی اسمبلی حمیداللہ جان آفریدی نے بھی آج فاٹا نشست کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ، گزشتہ روز فاٹا کی خالی ہونے والی کل چار نشستوں پر متفقہ چار امیدواروں اور پانچ متبادل امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے تھے، اسلام آباد کسے سینیٹ کی دوسری نشست کیلئے مسلم لیگ قاف کی طرف سے مشاہد حسین پہلے ہی کاغذات جمع کراچکے ہیں۔لاہور میںآ ج پیپلزپارٹی کے اعتزاز احسن،بابر اعوان، اسلم گل اور بابر اعوان کی اہلیہ یاسمین اختر نے کاغذات جمع کرائے،یاسمین اختر ،بابر اعوان کی سپریم کورٹ سے ممکنہ نااہلی کی صورت میں متبادل امیدوار ہونگی،پیپلزپارٹی کے کارکن بھی بڑی تعداد میں الیکشن کمیشن آفس میں موجودتھے۔