21 جولائی ، 2021
کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) سی ویو کے ساحل پر پھنسنے والے مال بردار بحری جہاز کو نکالنے کا کام شروع نہ کرسکی، آپریشنز ڈیپارٹمنٹ نے جہاز نکالنے سے معذوری ظاہر کر دی ہے۔
کراچی بندرگاہ پر آئے جہاز کے لنگر کیا ٹوٹے جہاز سیدھا کلفٹن کے ساحل پر لگ گیا، اگر یہ جہاز تسمان اسپرٹ جہاز کی طرح تیل کا جہاز ہوتا تو خطرناک صورتحال پیدا ہوسکتی تھی۔
کراچی بندرگاہ انتظامیہ( کے پی ٹی) کے مطابق اس جہاز کے لنگر ٹوٹ گئے تھے اس لیے یہ ساحل کے ساتھ آلگا،لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی صورت میں “مے ڈے کال” دی جاتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بظاہر بندرگاہ کا آپریشنز ڈیپارٹمنٹ جہاز کو فوری مدد دینے میں ناکام رہا، بندرگاہ انتظامیہ نے پہلے فوری جہاز نکالنےکا بیان جاری کیا لیکن آپریشن شروع نہ کیا جا سکا۔
کے پی ٹی ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا ہےکہ ملک کی سب سے بڑی بندرگاہ انتظامیہ کے پاس کم گہرے پانی سے جہاز نکالنےکی صلاحیت ہی نہیں، لہٰذا جہاز طویل عرصے پھنسے رہنے یا غیر ملکی سیلویج کمپنی سے بھاری معاوضےکے تحت نکالے جانےکا امکان ہے۔