Time 24 جولائی ، 2021
پاکستان

نور مقدم کیس، ملزم ظاہر جعفر مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

اسلام آباد کی عدالت نے سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم قتل کیس میں گرفتار ملزم ظاہر  ذاکر جعفر کے جسمانی ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع کرتے ہوئے مزید تفتیش کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا۔

اسلام آباد پولیس نے سابق سفیر شوکت علی مقدم کی بیٹی نور کے قتل کے ملزم ظاہر ذاکر جعفر کو 3روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔ 

صہیب بلال رانجھا نے بطور ڈیوٹی جج سماعت کی۔ پولیس نے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم سے آلہ قتل چاقو برآمد کر لیا گیا ہے، اس کے پاس سے برآمد کیا گیا پستول اور آہنی مکا بھی قبضے میں لے لیا ہے جبکہ موبائل فون ریکور کرنا باقی ہے لہٰذا14 دن کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ 

مدعی کے وکیل شاہ خاور ایڈووکیٹ نے بھی ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ پر اصرار کیا۔

عدالت نے ملزم ظاہر جعفر کا مزید 2 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کر دیا اور پیر کو دوبارہ عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا۔

خیال رہے کہ 20 مئی کو تھانہ کوہسار کی حدود ایف سیون فور میں 28 سالہ لڑکی نور مقدم کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا۔

پولیس نے لڑکی کے والد، جو کہ مختلف ممالک میں پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں، کی مدعیت میں ظاہرجعفر نامی ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے جو مقامی بزنس مین کا بیٹا ہے۔

مزید خبریں :