Time 01 اگست ، 2021
کھیل

محمد رضوان کیجانب سے ریکارڈ بنانے پر ٹیم کا جشن

محمد رضوان نے 2021 کے 14 اننگز میں 752رنز بناکر ورلڈ یکارڈ قائم کیا ۔ —فوٹو؛فائل
محمد رضوان نے 2021 کے 14 اننگز میں 752رنز بناکر ورلڈ یکارڈ قائم کیا ۔ —فوٹو؛فائل

ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی جانب سے ایک سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے ورلڈ ریکارڈ کا پاکستان ٹیم نے جشن منایا۔

 اس موقع پر محمد رضوان نے کیک کاٹا اور سب کھلاڑیوں نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے  زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔

فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے انہیں سپر مین قرار دیا اور کہا کہ رضوان نے 2021 میں فلائی کیا اور ہر جگہ ’ٹیم مین‘ کے طور پر فائٹ کی۔

حسن علی کا کہنا تھا کہ محمد رضوان کو جو بھی کردار دیا جاتا وہ اس کو بخوبی نبھاتے ہیں، جس روز سے وہ اوپنر  آئے ہیں اس دن سے انہوں نے  رنز کے انبار لگادیے۔

اس کے علاوہ اظہر علی نے وکٹ کیپر بیٹسمین کی تعریف کرتے ہو ئے کہا کہ رضوان باہمت کھلاڑی ہے، پہلے اسے ٹی ٹوئنٹی میں نہیں رکھا جاتا تھا جبکہ  پی ایس ایل میں بھی موقع نہیں ملتا تھا اس کے باوجود اس نے ہمت نہیں ہاری اور ثابت کیا کہ وہ ہر فارمیٹ میں عمدہ کھیل پیش کرسکتا ہے، رضوان کو دیکھ نوجوانوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔

اس موقع پر محمد رضوان کا کہنا تھا  کہ سال میں سب سے زیادہ رنز بنانا آسان نہیں تھا،  میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ  میں نے یہ سنگ میل عبور کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ریکارڈ صرف میرے لیے نہیں  بلکہ پوری قوم کیلئے ایک فخر تھا، اس وجہ سے زیادہ خوشی ہے۔

 انہوں نے مزید کہاکہ کورونا اور بائیو سیکیور ببل میں رہتے ہوئے یہ سب کرنا مشکل تھا  اورکئی چلینچز کا سامنا کرنا پڑا لیکن ٹیم کے تمام ساتھیوں نے میرا بہت ساتھ دیا۔

محمد رضوان کا کہنا تھا کہ بڑی بات یہ ہے کہ  منیجمنٹ نے مجھ پر اعتماد کیا اور  اوپننگ میں مجھے موقع دیا، یہ نمبر مجھ پر سوٹ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے  کبھی ورلڈ ریکارڈ کیلئے نہیں سوچا بس گراؤنڈ میں جاکر رنز بنانے پر توجہ رکھی۔

یاد رہے کہ محمد رضوان نے 2021 کی 14 اننگز میں 752رنز بناکر ورلڈ یکارڈ قائم کیا۔

مزید خبریں :